جمعرات، 16 اکتوبر
بیابان میں[یہوواہ]کی راہ درست کرو۔ صحرا میں ہمارے خدا کے لئے شاہراہ ہموار کرو۔—یسع 40:3۔
بابل سے اِسرائیل جانے کا سفر آسان نہیں تھا اور یہودیوں کو وہاں جانے میں تقریباً چار مہینے لگنے تھے۔ لیکن یہوواہ نے یہودیوں سے وعدہ کِیا تھا کہ اُن کے راستے میں جو بھی رُکاوٹیں آئیں گی، وہ اُنہیں دُور کر دے گا۔ یہودی یہ بات جانتے تھے کہ وہ اِسرائیل واپس جانے کے لیے جو قربانیاں دیں گے، وہ اُن برکتوں کے آگے کچھ بھی نہیں ہیں جو یہوواہ اُنہیں دے گا۔ سب سے بڑی برکت یہ تھی کہ وہ آزادی سے یہوواہ کی عبادت کر سکتے تھے۔ بابل میں یہوواہ کے لیے ہیکل نہیں تھی۔ وہاں کوئی قربانگاہ نہیں تھی جہاں بنیاِسرائیل موسیٰ کی شریعت میں دیے گئے حکم کے مطابق قربانیاں چڑھا پاتے اور نہ ہی وہاں کاہن تھے جو اُن کے لیے ایسا کرتے۔ اِس کے علاوہ جھوٹے دیوتاؤں کی پرستش کرنے والوں کی تعداد کے آگے اُن لوگوں کی تعداد کچھ بھی نہیں تھی جو یہوواہ اور اُس کے معیاروں کا احترام کرتے تھے۔ اِس لیے وہ ہزاروں یہودی جو یہوواہ سے محبت کرتے تھے، اِسرائیل واپس جانے کا شدت سے اِنتظار کر رہے تھے تاکہ وہ پھر سے یہوواہ کی عبادت کرنا شروع کر سکیں۔ م23.05 ص. 14-15 پ. 3-4
جمعہ، 17 اکتوبر
روشنی کے بیٹوں کی طرح زندگی گزارتے رہیں۔—اِفِس 5:8۔
ہمیں یہوواہ کی پاک روح کی مدد کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنا چالچلن ایسا رکھ سکیں جس سے نظر آئے کہ ہم ’روشنی کے بیٹے‘ ہیں۔ لیکن کیوں؟ کیونکہ اِس بدچلن دُنیا میں اپنا چالچلن پاک رکھنا آسان نہیں ہے۔ (1-تھس 4:3-5، 7، 8) پاک روح ہماری مدد کر سکتی ہے کہ ہم اِس دُنیا کے لوگوں کی سوچ کا مقابلہ کر سکیں جو چیزوں کو اُس نظر سے نہیں دیکھتے جس نظر سے یہوواہ دیکھتا ہے۔ پاک روح ہماری یہ مدد بھی کر سکتی ہے کہ ہم اپنے اندر ”ہر طرح کی اچھائی، نیکی اور سچائی“ پیدا کریں۔ (اِفِس 5:9) یہوواہ کی پاک روح حاصل کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ہم اِس کے لیے دُعا کریں۔ یسوع نے کہا تھا کہ یہوواہ اُن کو پاک روح دے گا جو ”اُس سے پاک روح مانگتے ہیں۔“ (لُو 11:13) اور جب ہم عبادتوں میں مل کر یہوواہ کی بڑائی کرتے ہیں تو اُس وقت بھی ہمیں اُس کی پاک روح ملتی ہے۔ (اِفِس 5:19، 20) یہوواہ کی طرف سے ملنے والی پاک روح کا ہم پر یہ اثر ہوگا کہ ہم اُس طرح سے زندگی گزاریں گے جس طرح سے یہوواہ کو پسند ہے۔ م24.03 ص. 23-24 پ. 13-15
ہفتہ، 18 اکتوبر
مانگتے رہیں تو آپ کو دیا جائے گا؛ ڈھونڈتے رہیں تو آپ کو مل جائے گا؛ دروازہ کھٹکھٹاتے رہیں تو آپ کے لیے کھولا جائے گا۔—لُو 11:9۔
کیا آپ کو اپنے اندر اَور زیادہ صبر پیدا کرنے کی ضرورت ہے؟ پھر دُعا میں یہوواہ سے اَور زیادہ صبر مانگیں۔ صبر پاک روح کے پھل کا ایک پہلو ہے۔ (گل 5:22، 23) اِس لیے ہمیں یہوواہ سے اُس کی پاک روح مانگنی چاہیے اور اپنے اندر صبر کی خوبی کو پیدا کرنے کے لیے مدد کی درخواست کرنی چاہیے۔ جب ہم کسی ایسی صورتحال میں ہوتے ہیں جب ہمارے صبر کا اِمتحان ہوتا ہے تو ہمیں یہوواہ سے اُس کی پاک روح ’مانگتے رہنا‘ چاہیے تاکہ ہم صبر سے کام لے سکیں۔ (لُو 11:13) ہم یہوواہ سے یہ اِلتجا بھی کر سکتے ہیں کہ وہ ہماری مدد کرے تاکہ ہم معاملوں کو اُس کی نظر سے دیکھ سکیں۔ پھر دُعا کرنے کے بعد ہمیں ہر دن صبر سے کام لینے کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔ جتنا زیادہ ہم دُعا میں یہوواہ سے صبر مانگیں گے اور صبر سے کام لینے کی پوری کوشش کریں گے اُتنا ہی زیادہ یہ خوبی ہمارے دل میں جڑ پکڑتی جائے گی اور ہماری شخصیت کا حصہ بن جائے گی۔ اِس کے ساتھ ساتھ ہم اُن لوگوں کی مثالوں پر سوچ بچار کر سکتے ہیں جن کا بائبل میں ذکر ہوا ہے۔ بائبل میں بہت سے ایسے لوگوں کا ذکر ہوا ہے جنہوں نے صبر سے کام لیا۔ اِن لوگوں کی مثالوں پر سوچ بچار کرنے سے ہم بھی ایسے طریقے جان سکتے ہیں جن کے ذریعے ہم صبر سے کام لے سکتے ہیں۔ م23.08 ص. 22-23 پ. 10-11